کراچی: کریم آباد میں ڈاکو جیولر سے 23 لاکھ روپے نقدی اور ایک کلو چاندی چھین کر فرار

شہری کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں ملزمان کو با آسانی فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے

کراچی کے علاقے کریم آباد میں مسلح ڈاکو جیولر سے 23 لاکھ روپے نقدی اور ایک کلو چاندی چھین کر با آسانی فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ شارع پاکستان پر مینا بازار کریم آباد فلائی اوور کے قریب گزشتہ روز پیش آیا، جہاں بولٹن مارکیٹ جانے والے سنار کو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ملزمان نے نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل سے چابی نکال کر شہری کو روکا، موٹر سائیکل بند ہوتے ہی اسلحہ کے زور پر اسے قابو میں کر لیا۔ ڈاکو شہری کے ہیلمٹ میں رکھی 23 لاکھ روپے نقد رقم اور ایک کلو چاندی کا تھیلا چھین کر فرار ہو گئے۔

واقعے کے مناظر ایک شہری نے اپنے موبائل فون میں محفوظ کر لیے، ویڈیو میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واردات کے بعد ملزمان لیاقت آباد کی جانب فرار ہوئے۔

متاثرہ شہری نے فوری طور پر مددگار 15 پر کال کی، واقعے کا مقدمہ عزیز آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

Load Next Story