تائیوان ہماری ریڈ لائن ہے، چین کا امریکا کو دوٹوک پیغام
چین کے وزیراعظم نے تائیون کے معاملے کو امریکا اور چین تعلقات میں ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حد کو عبور نہیں کیا جا سکتا۔
بیجنگ میں چینی وزیراعظم نے امریکی سینیٹر اسٹیو ڈینس اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیراعظم نے امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ تائیوان کا معاملہ چین کے بنیادی مفادات سے جڑا ہوا ہے اور یہ چین اور امریکا کے تعلقات میں ایک حساس ترین مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنی خودمختاری اور قومی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے اور دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان عملی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی سینیٹر اسٹیو ڈینس نے ملاقات کے دوران زور دیا کہ امریکا اور چین کے درمیان استحکام، اقتصادی تعاون اور پرامن تعلقات عالمی معیشت اور خطے کے امن کے لیے ضروری ہیں۔
ماہرین کے مطابق تائیوان کا مسئلہ حالیہ برسوں میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان سب سے حساس تنازع بن چکا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے بیانات سے خطے میں سفارتی کشیدگی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔