’انسان کو اپنا ماضی نہیں بھولنا چاہیے‘، دانش تیمور کے رویے پر عظمیٰ طاہر کی تنقید
پاکستانی سینئر اداکارہ عظمیٰ طاہر نے شوبز انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے رویوں، برتری کے احساس اور فنکاروں کے بدلتے انداز پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اداکار دانش تیمور کے حوالے سے بھی واضح رائے دے دی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عظمیٰ طاہر نے ڈرامہ انڈسٹری کے ماحول، سینئر اور جونیئر فنکاروں کے درمیان فرق، اور سیٹ پر برتاؤ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ڈراموں میں زیادہ متحرک نہیں رہیں، تاہم انہوں نے اپنے دور میں بھی فنکاروں کے رویوں میں واضح تفریق دیکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی بعض سینئر اداکار خود کو دوسروں سے الگ رکھتے تھے، یہاں تک کہ نئے فنکاروں یا جونیئر اسٹاف کو اپنے قریب بیٹھنے تک کی اجازت نہیں دی جاتی تھی، اور آج بھی کئی جگہوں پر یہی رویہ برقرار ہے۔ ان کے مطابق سیٹ پر بعض اوقات سینئرز اور نچلے عملے کے لیے الگ الگ انتظامات اس فرق کو مزید نمایاں کرتے ہیں۔
دانش تیمور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ طاہر نے کہا کہ ان کے خیال میں اداکار میں اب کچھ حد تک غرور یا خود پسندی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دانش تیمور کے ابتدائی دنوں سے واقف ہیں اور جانتی ہیں کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز کس مقام سے کیا تھا۔
عظمیٰ کے مطابق کامیابی ملنے کے بعد انسان کو اپنی جدوجہد، مشکلات اور ماضی کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب دانش تیمور عام حالات میں سفر کرتے تھے، مگر آج اگر کوئی اپنی موجودہ کامیابی کو بنیاد بنا کر خود کو دوسروں سے برتر سمجھے تو یہ مناسب رویہ نہیں۔
اداکارہ نے زور دیا کہ اصل عظمت صرف کامیابی میں نہیں بلکہ اس بات میں ہے کہ انسان شہرت حاصل کرنے کے بعد بھی دوسروں کے ساتھ عزت، انکساری اور اچھے اخلاق سے پیش آئے۔ انہوں نے دانش تیمور کی اہلیہ عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ خوش اخلاقی سے ملتی ہیں۔
عظمیٰ طاہر کے مطابق شوبز انڈسٹری میں کامیابی کے ساتھ عاجزی برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اصل پہچان صرف شہرت نہیں بلکہ انسان کا رویہ ہوتا ہے۔