وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی، نواز شریف
فوٹو: اسکرین گریب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے الیکشن مہم کے دوران آزاد کشمیر جانے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف کا جون کے وسط میں آزاد کشمیر جانے کا امکان ہے اور ان کے ساتھ مریم نواز بھی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ، قانون کے مطابق کشمیر میں الیکشن مہم میں شرکت کی ہدایت کی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر میں دو سے تین جلسے متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نوازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے45 انتخابی حلقوں سے 206سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے اور ہر امیدوار کو دو سے تین منٹ ہی گفتگو کے لیے دیے گئے جبکہ پارٹی صدر نواز شریف بورڈ ارکان کی مشاورت سے دو سے تین روز میں حتمی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اور پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں سے پارٹی سے وابستگی اور عوامی مقبولیت کے بارے میں سوالات کیے اور آزاد کشمیر الیکشن پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے نواز شریف کے سامنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران نظریہ پاکستان اور نظریہ تحریک آزادی کو شدید نقصان پہنچا، ہماری تحریک آزادی کو 5 سال میں جتنا نقصان پہنچا اسے واپس لانے میں بہت عرصہ لگے گا۔
امیدواروں نے نوازشریف سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 5 سال میں آزاد کشمیر میں جو کھیل کھیلا وہ افسوس ناک ہے، کشمیریوں نے آزادی کےلیے اپنی جان اور اپنے بچوں کو شہید کروا کر لاشیں اٹھائیں، مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جوکشمیریوں کےحقیقی نظریہ اور شہدا کی وارث ہے۔
کشمیری امیدواروں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا جیتنا ناگزیر ہے وگرنہ آزادی کی تحریک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
نوازشریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ میں خود کشمیری ہوں اور کشمیریوں سے محبت میرے خون میں شامل ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں خود آکر اپنے امیدواروں کےلیے ووٹ مانگوں گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے، پارٹی صدر نواز شریف نے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ امیدواروں کے انٹرویوز کیے اور نواز شریف بورڈ ارکان کی مشاورت سے حتمی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے، انٹرویوز میں کامیاب امیدواروں کو 30 روز میں پارٹی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔
پارلیمانی بورڈ کے ارکان میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، محمد صفدر اور برجیس طاہر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر، مشتاق منہاس، چوہدری محمد سعید اور چوہدری طارق فاروق بھی بورڈ کے ارکان میں شامل ہیں۔ اجلاس میں نجیب نقی خان، افتخار گیلانی اور چوہدری عبدالرحمان بھی شریک ہوئے۔