لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں ریسکیو اہلکار سمیت 31 افراد شہید
لبنان پر جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں ایک ریسکیو اہلکار سمیت 31 افراد شہید ہوگئے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں میں جمعہ کے روز جنوبی لبنان میں کم از کم 31 افراد شہید ہو گئے جن میں ایک ریسکیو اہلکار بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2 مارچ کو اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان دوبارہ جھڑپیں شروع ہونے کے بعد یہ سب سے خونریز دنوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
لبنانی خبر ایجنسی نے بتایا کہ ضلع صور کے علاقے طورا میں ہونے والے دو فضائی حملوں میں 5 افراد جان سے گئے، جبکہ ملبے تلے دبی ایک بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
اسی دوران اسرائیلی ڈرون حملے میں حسبیا ضلع کی کفرشوبا اور کفرحمام کو ملانے والی سڑک پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سول ڈیفنس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق بنت جبیل اور نباتیہ اضلاع کے مختلف دیہات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بنت جبیل کے علاقے السلطانیہ پر حملے میں 4 افراد مارے گئے۔
لبنان اور اسرائیل کے درمیان 17 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں بعد ازاں 17 مئی تک توسیع کی گئی، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں روزانہ کی بنیاد پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
لبنانی حکام نے بتایا کہ 2 مارچ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 700 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ اس دوران 8 ہزار سے زائد زخمی بھی ہوئے۔