معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں شاندار تقریب
معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن میں شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
مادرِ وطن کی محبت اور پاکستانیت کے جذبے سے سرشار پاکستانی کمیونٹی نے تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کے پرجوش نعروں اور ملی نغموں نے بنیان مرصوص کے جذبے کی یاد تازہ کردی، وطنِ عزیز کے تحفظ، سالمیت اور قومی وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا گیا۔
ملکی سالمیت کے تحفظ اور دشمن کے خلاف آہنی دیوار ثابت ہونے پر افواجِ پاکستان کو والہانہ خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بری، فضائی اور بحری افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جذبے اور حب الوطنی کو سلام پیش کیا گیا۔
ملک کو درپیش خطرات اور بلاجواز بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر اور ناقابلِ فراموش قیادت فراہم کرنے پر سول اور فوجی قیادت کو دادِ تحسین پیش کی گئی۔
تقریب میں صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اور وزیرِ دفاع کے ویڈیو پیغامات میں وطنِ عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کا پیغام شرکاء تک پہنچایا، امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کیا، سفیر پاکستان نے معرکہ حق کی اہمیت، افادیت اور ارادیت کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی افواج، سول و فوجی قیادت اور پوری قوم نے وطنِ عزیز کی جغرافیائی و علاقائی اہمیت، سالمیت اور قومی وقار پر عظمت کی مہر ثبت کردی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان دنیا کے اہم ترین اور حساس ترین خطے میں واقع ہے، قائداعظم کی دوراندیش سوچ نے پاکستان کے لیے دنیا کے محور بننے کی پیش گوئی کی تھی جو حقیقت کا روپ دھارتی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمانانِ برصغیر کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے بنایا گیا تھا، ہم اپنی عزت اور وقار پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ آج ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا بدترین سلوک قیامِ پاکستان کے بروقت فیصلے پر دوراندیشی اور درستگی کی مہر ثبت کرتا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ معرضِ وجود میں آتے ہی پاکستانی قوم نے اپنی بقا کی جنگ انتہائی استقامت سے اور مردانہ وار لڑی ہے، تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سے دنیا کی سلامتی وابستہ ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ آٹھ دہائیوں سے سیاسی، سفارتی اور دیگر عالمی محاذوں پر مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے، امریکا ایران تنازع میں قیامِ امن کے حوالے سے کی جانے والی کاوشیں پاکستان کی مثبت اور مسلمہ سفارتی تاریخ اور روایات کی غمازی کرتی ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے، پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں، 88 گھنٹوں پر مشتمل واقعات نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیت کے جذبے کو ازسرِ نو زندہ کردیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے تمام اختلافات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، بنیان مرصوص کے فلسفے کی تکمیل معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔
سفیر پاکستان کی جانب سے تقریب میں مجید امجد کا شعر بھی پیش کیا گیا، "وطن چمکتے ہوئے کنکروں کا نام نہیں — یہ تیرے جسم، تری روح سے عبارت ہے۔
معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن میں شاندار تقریب
مادروطن کی محبت اور پاکستانیت کے جذبے سے سرشار پاکستانی کمیونٹی کی تقریب میں بھرپور شرکت
پاکستان ہمیشہ زندہ باد ' کے پرجوش نعروں اور ملی نغموں نے بنیان مرصوص کے جذبے کی یاد تازہ کردی… pic.twitter.com/5feHGCrp46