کراچی: مالیاتی فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم نے عدالت میں سرینڈر کر دیا

ملزم شاہ زیب طویل عرصے سے مفرور تھا، ایک اور مفرور ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مالیاتی جرائم کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو عدالت میں سرینڈر کرنے پر مجبور کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بینکنگ فراڈ کیس میں مطلوب ملزم شاہ زیب اختر طویل عرصے تک مفرور رہنے کے بعد بالآخر قانون کے سامنے پیش ہو گیا۔ ایف آئی اے کی مسلسل چھاپہ مار کارروائیوں، نگرانی اور مؤثر انٹیلی جنس ورک کے باعث ملزم پر دباؤ بڑھا، جس کے نتیجے میں اس نے عدالت سے رجوع کیا، ملزم مالی بدعنوانی، امانت میں خیانت اور جعلسازی جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

دوسری کارروائی میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے ایک اور مفرور ملزم عبدال علیم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی اور فرضی ذرائع استعمال کرتے ہوئے 4.64 ملین روپے کی غیر قانونی رقم نکالنے میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق مالیاتی جرائم میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

Load Next Story