تربوز کھانے کے بعد ایک اور نوجوان لڑکی جاں بحق، چند دن بعد شادی تھی

چند روز قبل بھی ایک ہی خاندان کے چار افراد تربوز کھانے کے بعد جاں بحق ہوگئے تھے

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں تربوز کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے تین افراد کی طبیعت بگڑ گئی، جبکہ نوجوان لڑکی جانبر نہ ہو سکی۔

دل دہلا دینے والے اس واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، خصوصاً اس لیے کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شادی چند ہی دنوں میں ہونے والی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بجنور میں ڈاکٹر ضیاء الرحمان، ان کی اہلیہ اور بیٹی مسکان نے گھر میں تربوز کھایا، جس کے کچھ ہی دیر بعد تینوں کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اہلخانہ کے مطابق مسکان کی حالت سب سے زیادہ بگڑی، اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا موت کی اصل وجہ تربوز تھا یا کسی اور عنصر نے اس سانحے کو جنم دیا۔ ابتدائی طور پر معاملہ مشتبہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

اس افسوسناک سانحے نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں، مگر خوشیوں بھرا ماحول اچانک سوگ میں تبدیل ہو گیا۔ مسکان کی اچانک موت نے اہلخانہ کو غم سے نڈھال کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ضیاء الرحمان اور ان کی اہلیہ کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کے بعد مقامی سطح پر خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی تربوز کھانے کے بعد جاں بحق ہوگئے تھے۔ تحقیقات کے بعد تربوز میں زہریلے اجزا کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

Load Next Story