خیبرپختونخوا میں تیزہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
فائل/فوٹو: رائٹرز
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایاگیا کہ اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے اور شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلزکو نقصان کا اندیشہ ہے، صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے لہٰذا کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی جاتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو قبل ازاقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورت حال سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں میں عوام کو سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔