ایف آئی اے کی کراچی سی پورٹ پر کارروائی،غیر ملکی آئل ٹینکر میں بڑی بے ضابطگی پکڑی گئی

آئل ٹینکر ایم ٹی آسانا میں سوار ایک غیر ملکی کریو ممبر ایکسپائرڈ سفری دستاویزات کے ساتھ پایا گیا

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے امیگریشن حکام نے کراچی سی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر میں بڑی بے ضابطگی پکڑ لی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آئل ٹینکر MT Asana میں سوار ایک غیر ملکی کریو ممبر ایکسپائرڈ سفری دستاویزات کے ساتھ پایا گیا۔

ترجمان کے مطابق شامی شہری ایکسپائرڈ سی مین بک پر سفر کر رہا تھا جبکہ فلیگ اسٹیٹ سے متعلق ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جو بین الاقوامی میری ٹائم قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے دورانِ تفتیش کریو ممبر سے پوچھ گچھ کی، جس میں اس نے سی مین بک کی تجدید نہ کروانے کا اعتراف کیا۔

واقعے کے بعد جہاز کے ماسٹر کو فوری طور پر طلب کیا گیا جبکہ متعلقہ شپنگ کمپنی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق جرمانے کا چالان سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ قومی سلامتی اور میری ٹائم سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ کمپنی کو باضابطہ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story