آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے۔
ڈاکیارڈ میں پاک بحریہ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے، دنیا نے پاکستان کی عسکری مہارت اور جدید جنگی صلاحیت تسلیم کر لی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا، دشمن کے ڈرونز اور اشتعال انگیزی کو بروقت ناکام بنایا گیا، بھارت کا جنگی غرور پاکستانی افواج کی حکمت عملی کے سامنے ٹک نہ سکا، پاک فضائیہ، بحریہ اور فوج نے فولادی دفاعی حصار قائم رکھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے جنگی حالات میں مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، نوجوان دشمن کی گولہ باری میں بھی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، عوام نے کئی دشمن ڈرونز فائرنگ کرکے تباہ کیے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے قوم کو متحد رکھا، بھارتی میڈیا جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈے سے عالمی سطح پر بے نقاب ہوا، سول اور عسکری قیادت نے مکمل ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، صدر اور وزیراعظم کے فیصلوں نے دشمن کو واضح پیغام دیا، پاکستان کے دفاع پر پوری قوم ایک پیج پر متحد ہے، شہداء کی قربانیاں قومی سلامتی کی بنیاد ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوان جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے خود کو آراستہ کریں، پاکستان امن پسند ملک ہے مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کرنے والوں کو بھرپور جواب ملے گا، افواج پاکستان ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں، معرکۂ حق قومی وحدت، ایمان اور دفاعی قوت کی روشن مثال ہے، پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا کہ معرکہ حق جنگی فتح نہیں بلکہ ملک کی حرمت کے تقدس کی جنگ تھی، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، میں اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک بحریہ نے سمندری حدود کی حفاظت کو یقینی بنایا۔