معرکہ حق نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ کیا، سفیر پاکستان
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نہ صرف دفاعی بلکہ سفارتی اور سیاسی سطح پر بھی خطے میں استحکام کی ایک اہم قوت بن کر سامنے آیا ہے جبکہ عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ اور وقار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ہر مرحلے پر ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا۔
پہلگام واقعے کے بعد اسلام آباد نے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کرکے غیر قانونی جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
تاہم کشیدگی کے باوجود پاکستان نے سیاسی بصیرت، سفارتی تدبر اور عسکری پختگی کا مظاہرہ کیا جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی۔
رضوان سعید شیخ کے مطابق پاکستان کے دفاعی اخراجات بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہیں لیکن اصل طاقت جدید دفاعی حکمت عملی، قومی اتحاد اور عوامی عزم میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے جذبات کے بجائے حقائق، صبر اور تدبر کی بنیاد پر اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا یہی وجہ ہے کہ عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا کے دور میں بھارتی بیانیے کی کمزوریاں کھل کر سامنے آگئیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ آج بھی پاکستان پلوامہ اور پہلگام واقعات کے ٹھوس شواہد کا مطالبہ کر رہا ہے اور عالمی برادری بھی انہی سوالات کے جواب کی منتظر ہے۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جس کے تحت اسے یکطرفہ طور پر معطل کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے پانی یا سالمیت کو خطرہ لاحق ہوا تو ملک اپنے حق دفاع کا بھرپور استعمال کرے گا۔
دہشت گردی کے موضوع پر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے اس کے باوجود پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دے کر عالمی امن میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر اقوام بھی پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہیں اور ہر سطح پر پاکستان کے لیے مثبت جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ بنیان مرصوص کا حقیقی تصور اُس وقت مکمل ہوگا جب پاکستان کی معیشت بھی اس کے دفاع کی طرح مضبوط اور ناقابل تسخیر بن جائے گی۔
انہوں نے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی جذبے اور پاکستانیت کو فروغ دیتے ہوئے سب کو مل کر ملک کی معاشی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا سمیت دنیا کے دیرپا تعلقات کی اصل بنیاد معاشی روابط ہوتے ہیں اسی لیے پاکستانی امریکن کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ حالیہ عالمی پذیرائی کو صرف سفارتی کامیابی تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مضبوط معاشی شراکت داریوں اور قومی ترقی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔