کراچی: اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
فائل فوٹو
رینجرز نے ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی سے اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، گرفتار ملزمان میں ذیشان عرف ملوترا ولد محمد یاسین، محمد عبید عرف دادو ولد محمد وسیم، محمد جاشم ولد عبدالکلام، نوید الرحمان عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو ولد محمد افضل شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد موٹرسائیکل، 3 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی، ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مجاہد کالونی، واحد کالونی، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، شادی ہالوں کے باہر جیب تراشی، موٹرسائیکل، بیٹریاں، بجلی کی تاریں چوری کرنے اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان جاشم، نوید عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو چوری شدہ موٹرسائیکل اور پرزہ جات کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان شادی ہالوں، شاپنگ مال کے باہر ریڑھی فروشوں کا بھیس بدل کر کھڑے ہوتے تھے بعد ازاں پارکنگ میں غیرمحفوظ موٹرسائیکل اور پرزہ جات چوری کرکے لے جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے متعدد تھانوں میں مختلف نوعیت کی ایف آئی آرز درج ہیں، گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔