بی بی سی کی جانب سے پابندی کی شکار غزہ ڈاکیومنٹری نے بافٹا ایوارڈ جیت لیا

ڈاکیومنٹری میں ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی کارکنوں کو غزہ میں درپیش خطرات اور اسرائیلی حملوں کو دکھایا گیا ہے

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران طبی عملے پر ہونے والے حملوں سے متعلق بنائی گئی ڈاکیومنٹری فلم ’غزہ : ڈاکٹرز انڈر اٹیک‘ نے بافٹا ٹی وی ایوارڈ میں بہترین کرنٹ افیئرز پروگرام کا ایوارڈ جیت لیا۔

یہ ڈاکیومنٹری ابتدائی طور پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے کمیشن کی تھی تاہم بعد میں بی بی سی نے غیر جانبداری سے متعلق خدشات کا جواز پیش کرتے ہوئے اسے نشر کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں برطانوی چینل 4 نے اس ڈاکیومنٹری کو نشر کیا، جس کے بعد اسے عالمی سطح پر بھرپور توجہ حاصل ہوئی۔

ڈاکیومنٹری میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی کارکنوں کو درپیش خطرات اور حملوں کو دکھایا گیا ہے۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ڈاکیومنٹری کی ہدایتکار رمیتا نوائی نے بی بی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ہم نے خاموش ہونے یا سنسر ہونے سے انکار کیا، اور ہم چینل 4 کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے یہ فلم نشر کی۔‘

ڈاکیومنٹری کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بین ڈی پیئر نے بھی تقریب کے دوران بی بی سی پر طنز کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ’کیا بی بی سی اب ہمیں بافٹا ایوارڈز کی نشریات سے بھی نکال دے گا؟‘۔

Load Next Story