سندھ حکومت کا میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے لیے سہولیات بڑھانے کا فیصلہ

مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت معاشرتی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، شرجیل انعام میمن

فوٹو: فائل

کراچی:

حکومت سندھ نے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے لیے سہولیات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے لیے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں قائم مقام سیکرٹری اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سارنگ لطیف چانڈیو شریک ہوئے۔ اجلاس میں میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت مکمل ہونے والے فلمی منصوبوں کے مستقبل، تشہیر اور مؤثر استعمال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔  اجلاس میں محکمہ اطلاعات کی زیر نگرانی تیار ہونے والے فلمی پروجیکٹس کی پروموشن حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلمی منصوبوں کا بنیادی مقصد قومی بیانیے کو فروغ دینا، معاشرے میں مثبت رجحانات کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فلمی صنعت کی بحالی اور فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان، خاص طور پر سندھ کی اصل ثقافت، تاریخ، معاشرتی خوبصورتی کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت معاشرتی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت سندھ میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔

Load Next Story