بیٹی کی تدفین کیلیے جانیوالے باپ کو مزاحمت پر قتل کرنیوالا ڈاکو مقابلے میں زخمی، گرفتار

ملزم کا ساتھی موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

(فوٹو: فائل)

کراچی:

بیٹی کی تدفین کے لیے جانے والے باپ کو مزاحمت پر قتل کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرلیا گیا۔

سپر ہائی وے پنجاب بس اڈے کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر بیٹی کی تدفین کے لیے جانے والے باپ کو قتل اورچچا کوزخمی کرنے والے سفاک ملزم کو پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی موقع پرسے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سچل تھانے کے علاقے اسکیم 33 سکندرگوٹھ کے قریب پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کوزخمی حالت میں گرفتار کرکے فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت صہیب ولد رحمٰن علی کے نام سے کی گئی۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیرشیخ کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارملزم اوراس کا مفرورساتھی 2 روزقبل سپر ہائی وے پنجاب بس اڈے کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر بیٹی کے جنازے میں جانے والے باپ منصوراحمد کوقتل اورچچا راشد علی کوزخمی کرنے کے واقعے میں ملوث ہے۔

انہوں نے بتایاکہ 2 روزقبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی سہراب گوٹھ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی تو شدید فائرنگ کا سامنا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرارہوگیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے قبضے سے غیرقانونی پستول بمعہ ایمونیشن اورموبائل فون برآمد کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی سمیت دیگرسنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتارملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جب کہ ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی کوشش کی جارہی ہے ۔

Load Next Story