چیف جسٹس سے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کی ملاقات، صنفی انصاف اور دیگر امور پر گفتگو
چیف جسٹس آف پاکستان سے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی فوزیہ وقار نے ملاقات کی ہے، جس میں صنفی انصاف اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی فوزیہ وقار کے مابین اہم ملاقات میں صنفی بنیادوں پر انصاف اور کام کی جگہ پر وقار سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ہراسانی کے خلاف تحفظ کے لیے ادارہ جاتی میکانزم پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی محتسب نے چیف جسٹس کو اپنے ادارے کے کردار اور مینڈیٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے سرکاری اور نجی اداروں میں محفوظ اور جامع کام کے ماحول کو یقینی بنانے پر بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں کام کی جگہ پر ہراسانی سے متعلق قوانین کے موثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی ہم آہنگی بڑھانے پر غور کیا گیا۔ اس دوران متاثرین کے لیے دستیاب قانونی علاج کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے ادارہ جاتی ردعمل کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
چیف جسٹس نے برابری، وقار اور عدم امتیاز کی آئینی اقدار پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اداروں میں محفوظ، قابل احترام اور جامع پیشہ ورانہ ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے عدلیہ کے اصلاحاتی اقدامات اور صنفی انصاف کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔