بجلی صارفین سے 3 سالوں میں 19 کھرب ٹیکس وصول کرنے کا انکشاف
فوٹو فائل
بجلی صارفین گزشتہ 3 سال کے دوران 19 کھرب روپے سے زائد ٹیکس وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت توانائی کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈسکوز نے بجلی صارفین سے 2022-23 میں 5 کھرب 7 ارب روپے ٹیکس وصول کیے جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سال 2023-24 میں 6 کھرب 98 ادب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال بجلی صارفین سے 7 کھرب سے زائد کی ٹیکس وصولیاں کیں گئیں، آئیسکو نے گزشتہ 3 سال کے دوران 2 کھرب 32 ارب روپے صارفین سے ٹیکس وصول کیا۔
اس کے علاوہ لیسکو نے صارفین سے 3 سال میں 5 کھرب 32 ارب سے زائد ٹیکس وصولیاں کیں جبکہ گیپکو نے صارفین سے 3 سال میں دو کھرب 40 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں۔
اسی طرح فیسکو نے تین سال میں 3 کھرب 7 ارب روپے ٹیکس کی مد میں صارفین سے وصول کیے جبکہ میپکو نے 3 سال میں 3 کھرب 23 ارب روپے اور پیسکو نے 3 سال میں ایک کھرب 51 ارب کی ٹیکس وصولیاں کیں۔
دستاویز کے مطابق ہیسکو نے صارفین سے 3 سال میں 57 ارب 58 کروڑ کا ٹیکس وصول کیا، کیسکو نے صارفین سے 3 سال میں 24 ارب 28 کروڑ کی ٹیکس وصولیاں کیں اور ٹیسکو نے صارفین سے 3 سال میں 1ارب 55 کروڑ اور سیپکو نے 34 ارب 46 کروڑ روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں۔