پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی نوجوانوں کیلئے ڈھاکہ میں پاکستان ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد
پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی نوجوانوں کیلئے ڈھاکہ میں پاکستان ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔
ڈھاکہ میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستان ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو پاکستان میں بنگلہ دیشی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بنگلہ دیشی وزیرتعلیم ڈاکٹر اے این ایم احسان الحق بھی ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
بنگلہ دیشی وزیرتعلیم نے پاکستان ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکسپو بنگلہ دیشی نوجوانوں کیلئے تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔
بنگلہ دیشی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام سے بہت متاثر ہوا ہوں، بنگلادیشی نوجوانوں کو اسکالرشپس دینے کے اقدام پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کےدرمیان مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی پائی جاتی ہے، ڈھاکہ میں پاکستان ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلیمی و سفارتی تعلقات کا مظہر ہے۔