ذاتی دشمنی پر ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کرنے والے سفاک ملزمان کو سزائے موت سنادی گئی
راولپنڈی کے تھانہ چونترہ میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ماجد حسین گادھی نے کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزمان کو 5، 5 مرتبہ سزائے موت سنا دی۔
عدالت نے حکم دیا کہ مجرمان کو اس وقت تک پھانسی کے پھندوں پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت نہ ہو جائے، مجرمان نے 25 جولائی 2020 کو گھروں میں داخل ہو کر 9 افراد کو قتل کیا تھا۔
ہائی کورٹ نے ایک سال قبل مقدمہ دوبارہ فیصلہ کیلئے ریمانڈ کیا تھا، مقتولین میں 5 خواتین، 3 کمسن بچیاں اور ایک مرد شامل تھا، عدالت نے مجرمان دانش، بابر، رب نواز، اکرم، اشرف، قیصر اور عاقب کو جیل بھجوا دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دشمنی کا بدلہ لینے کیلئے واردات کی، عدالت نے مجرمان کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ اور الگ الگ ہرجانے کی سزائیں بھی سنائیں۔