پشاور 10 مئی 2023 احتجاج کیس؛ پی ٹی آئی رہنما سمیت 74 ملزمان بری

مقدمے میں کوئی چشم دید گواہ نہیں ہے، اس مقدمے میں ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہوگا، عدالت کا تحریری فیصلہ جاری

فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور کی سیشن کورٹ نے 10 مئی 2023 احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما عرفان سلیم سمیت 74 ملزمان کو بری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج فراز احمد نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا۔

عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کو ضابطہ فوجداری کے دفعہ 265 کے تحت مقدمے سے بری کیا جاتا ہے، مقدمے میں ملزمان براہ راست نامزد نہیں ہے، تفتیش کے دوران ان کو مقدمے میں نامزد کیا گیا، ملزمان کا کوئی شناختی پریڈ نہیں ہوا۔

تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزمان کے خلاف استغاثہ کا کیس محض زبانی اور غیر ثابت شدہ الزامات پر مبنی ہے، مقدمے میں کوئی چشم دید گواہ نہیں ہے، اس مقدمے میں ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہوگا۔

عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق مقتولین کے ورثاء بھی ملزمان کے خلاف ٹرائل چلانا نہیں چاہتے، لہٰذا ملزمان کو کیس سے بری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 10 مئی کو فقیر آباد تھانے کی حدود میں پرتشدد واقعات اور فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے، تھانہ فقیر آباد میں واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

Load Next Story