تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ وجے کا بڑا فیصلہ، 700 سے زائد شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم
جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ اور سابق فلمی سپر اسٹار جوزف وجے نے اقتدار سنبھالتے ہی شراب سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں 700 سے زائد سرکاری شراب کی دکانیں بند کرنے کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ وجے نے مندروں، اسکولوں اور بس اسٹینڈز کے 500 میٹر کے دائرے میں قائم 717 شراب کی دکانوں کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ دکانیں تامل ناڈو اسٹیٹ مارکیٹنگ کارپوریشن کے تحت چلائی جاتی تھیں اور حکام کو دو ہفتوں کے اندر ان دکانوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وجے کے اس اقدام کو ریاست میں شراب نوشی کم کرنے اور سماجی مسائل پر قابو پانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ان کے فیصلے پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ افراد نے اس اقدام کو عوامی مفاد میں قرار دیا جبکہ بعض نے اسے معاشی نقصان سے جوڑا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ریاستی انتخابات میں وجے کی جماعت ٹی وی کے نے 234 رکنی اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کیں اور اتحادی جماعتوں کی حمایت سے اکثریت حاصل کرکے حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی۔
جوزف وجے نے حال ہی میں تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور اقتدار میں آتے ہی ان کے اس فیصلے کو اہم سیاسی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔