کراچی: منشیات برآمدگی،غیرقانونی اسلحہ کیس میں گرفتار’پنکی‘کی بغیرہتھکڑی عدالت میں پیشی کی ویڈیووائرل
کراچی کی مقامی عدالت میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات کی سماعت ہوئی، پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمہ سے چرس کے دو پیکٹ اور دیگر منشیات کا مواد برآمد ہوا۔
افسر نے کہا کہ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 15 لاکھ سے زیادہ ہے، ملزمہ کا 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ملزمہ کیخلاف تھانہ گارڈن میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے نجی ٹی وی پر خبر نشر ہونے کے بعد انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کے کردار کے تعین کیلئے انکوائری کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔
بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔