ایپل کی اپنے ایئرپوڈز میں کیمرے متعارف کرانے کی تیاری

یہ ڈیوائس صارف کے لیے ایک طرح کی ’تیسری آنکھ‘ کے طور پر کام کرسکتے ہیں

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نئی تبدیلی لانے کی تیاری کر رہی ہے جو ایئر فونز کے استعمال کا انداز بدل سکتی ہے۔

کمپنی ایک خفیہ منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت نئے ایئر پوڈز میں چھوٹے کیمرے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) شامل کی جائے گی، تاکہ یہ ڈیوائس صارف کے لیے ایک طرح کی ’تیسری آنکھ‘ بن سکے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اپنے جدید ایئر پوڈز کی تیاری کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جن میں بِلٹ اِن کیمرے دیے جائیں گے۔ یہ ایئر پوڈز جدید اے آئی فیچرز سے بھی لیس ہوں گے اور امکان ہے کہ یہ ایپل کی پہلی ایسی ڈیوائس ثابت ہوں جو خصوصی طور پر مصنوعی ذہانت کے دور کو مدِنظر رکھ کر تیار کی گئی ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ان ایئر پوڈز کی فائنل ٹیسٹنگ جاری ہے جبکہ ان کا ڈیزائن اور فیچرز تقریباً حتمی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

ابتدائی طور پر ایپل کا ارادہ تھا کہ یہ ایئر بڈز رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں متعارف کرا دیے جائیں، مگر جنریٹیو اے آئی سے چلنے والی سری کی تیاری مکمل نہ ہونے کے باعث لانچ مؤخر کر دی گئی۔

ڈیزائن کے اعتبار سے نئے ایئر پوڈز موجودہ ’پرو‘ ماڈل سے کافی مشابہ ہوں گے۔ البتہ کیمروں کی تنصیب کے لیے ان کی ڈنڈیاں نسبتاً لمبی رکھی جا سکتی ہیں۔

Load Next Story