کراچی، پاک کالونی میں نجی کلینک کے اندر فائرنگ، مزاحمت پر شہری قتل

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا لگتا ہے

کراچی:

شہر قائد میں پاک کالونی کے علاقے حسن اولیاء مکہ مسجد کے قریب واقع نجی کلینک میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نجی کلینک پر آئے جہاں انہوں نے پہلے ناصر نامی شخص سے ڈاکٹر کے بارے میں پوچھ گچھ کی اس دوران کلینک میں دو خواتین بھی موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کلینک میں موجود محمد علی نامی شخص کو اپنے ساتھ لے جانے لگے تاہم مقتول کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد مقتول کی لاش گھسیٹتے ہوئے دوبارہ کلینک کے اندر پھینک کر فرار ہوگئے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story