کراچی، صدر کے علاقے میں دن دہاڑے فلمی انداز سے مسلح افراد کی فائرنگ، 4 راہ گیر زخمی

واقعہ صدر میں کوئٹہ بس اسٹاپ کے قریب ایک ٹیبل لگانے کے تنازع پر پیش آیا ہے، پولیس


منور خان May 12, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

شہر قائد کے مصروف ترین تجارتی علاقے میں دن دہاڑے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قانون کی دھجیاں بکھیریں اور 4 شہریوں کو زخمی کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر کے علاقے میں لاقانونیت کی انتہا ہوگئی، جہاں کیبن ڈالوں میں سوار مسلح ملزمان کی جدید ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔

اس واقعے کے بعد شہر میں امن و امان کی مثالی صورتحال کے دعوؤں کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح ملزمان کی جانب سے کی گئی فائرنگ سے پورا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے ہوئے دکھائی دئے۔

ڈبل کیبن ڈالوں میں سوار مسلح ملزمان کو فائرنگ کے دوران نہ تو کوئی روکنے والا تھا اور نہ ہی انھیں کوئی قانون کی گرفت میں لینے والا۔

واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا گیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او پریڈی ایوب میرانی نے بتایا کہ صدر کوئٹہ بس اسٹاپ کے قریب ایک ٹرانسپورٹر کے دفتر کے سامنے جمعہ نامی شخص نے میز لگائی تھی جسے  مذکورہ ٹرانسپورٹر والوں نے ٹیبل ہٹانے کا کہا تو جمعہ نامی شخص نے مبینہ طور پر انھیں اسلحہ دکھایا تھا۔

تاہم بعدازاں جس کوچ اڈے کے قریب میز لگائی تھی ان کی جانب سے سفید اور سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن ڈالوں میں سوار سیکیورٹی گارڈز کی جانب شدید فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر 4 افراد فائرنگ زخمی ہوگئے جن کی شناخت 25 سالہ سید رسول ولد جنان خان، 16 سالہ احسن اللہ ولد قاسم ، 14 سالہ حضرت بلال ولد عبدالمنان اور 10 سالہ اللہ محمد ولد عزیز کے نام سے کی گئی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والے سیکورٹی گارڈز سفید اور سیاہ رنگ کے ڈبل کیبن ڈالوں میں فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس فائرنگ کرنے والوں اور جمعہ نامی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے اور فرار ہونے والوں کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔