وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی پر اہم جائزہ اجلاس

سمیڈا کی جانب سے وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سمیڈا کی جانب سے وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کی ٹیم کو آسان قرضوں کی فراہمی، ڈیجیٹل فنانسنگ، رسمی معیشت میں شمولیت اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے سمیڈا اور وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے تیار کردہ روڈ میپ کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ معینہ مدت میں قابلِ حصول اہداف کے ساتھ عملی لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ انہوں نے کمرشل بینکوں کو بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے زراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو ایس ایم ایز کا درجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے خواتین کی شمولیت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آسان قرضوں تک رسائی اور ان کی مصنوعات کی برآمدات میں معاونت کیلئے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس کو سمیڈا، وزارتِ صنعت و پیداوار اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کے مطابق ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے آٹھ تزویراتی شعبوں میں 48 اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے، جو آئندہ دو اور چار برسوں میں مرحلہ وار ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔

اجلاس کو رواں برس کے اہداف اور ان پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈ شوز اور نمائشوں کے ذریعے مقامی و عالمی منڈیوں تک رسائی، کم لاگت قرضوں کی فراہمی سے سرمایہ کاری میں اضافہ، وینڈر پروفائلنگ کے ذریعے ویلیو چینز کی مضبوطی، اور ایس ایم ای ڈیٹا بیس کے قیام سے رسمی معیشت میں شمولیت کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

سمیڈا بورڈ کی جانب سے ایس ایم ای کی ترقی کیلئے تربیتی پروگرامز اور دیگر اقدامات پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی، جبکہ وزیرِ اعظم کے تفویض کردہ اہداف اور ان پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران نجی شعبے کو 1.1 ٹریلین روپے قرض فراہم کیا گیا، جبکہ رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں ہی 904 ارب روپے کے ہدف کو عبور کیا جا چکا ہے، جس میں ایس ایم ایز کیلئے قرضوں میں 28 فیصد اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی بنیاد پر مالی سال 2028 تک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا ہدف 1100 ارب روپے سے بڑھا کر 1500 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر ایس ایم ایز کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کیلئے علیحدہ ونڈو قائم کر دی گئی ہے، جبکہ ان اقدامات کے بعد 41 نئی ایس ایم ایز نے اس سہولت سے مستفید ہونے کیلئے شمولیت اختیار کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے معاون خصوصی ہارون اختر، سمیڈا کی ٹیم اور وزارتِ صنعت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے جامع روڈ میپ مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ ، جام کمال خان، مصدق ملک، احسن اقبال، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، ارکان قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار اور محسن شاہنواز رانجھہ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Load Next Story