منشیات اسمگلر پنکی کی گرفتاری ہائی پروفائل کیس بن گیا، ملزمہ کو وفاقی ادارے کےحوالے کیےجانے کا امکان
لاہور پولیس نے کہا ہے کہ کراچی سے منشیات اسمگلر انمول پنکی کا نام لاہور میں درج منشیات کے مقدمے میں سامنے آگیا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ ملزمہ کے بھائی ریاض بلوچ نے 2022 میں گرفتاری کے بعد بہن کا نام بتایا تھا، ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ کے بھائی ریاض بلوچ ولد مراد بخش کو 2022 میں لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔
منشیات فروشی کے الزام میں پنکی کے بھائی کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں 9 سی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق بھائی کی گرفتاری کے دوران انمول پنکی تیز رفتار گاڑی میں فرار ہوگئی، ملزمہ کو وفاقی ادارے کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی کا ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے معاملے کا نوٹس
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انمول پنکی کیس کا معاملہ بھی زیرِ بحث آگیا۔
سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ وہ کل ایک خاتون تھی، سرعام پھر رہی تھی جو منشیات کیس میں گرفتار تھی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ڈی جی اے این ایف کو ہدایت کریں کہ پنکی جن کو منشیات سپلائی کرتی تھی ان کی فہرست بھی فراہم کی جائے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ انمول پنکی جن لوگوں کو منشیات دیتی تھی، وہ جتنے بڑے افسر بھی ہوں ان کے نمبر شیئر کریں، میں ان سب کو ری ہیب سینٹر بھجواوں گا۔