بلوچستان، بارکھان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک، میجر سمیت 5 جوان شہید
بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بارکھان کے علاقے نوشام میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کیا اس دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والی کالعدم فتنہ الہندوستان تنظیم کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین اور 3 سپاہی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر توصیف احمد بھٹی کا تعلق ضلع پاکپتن جبکہ عمر 31 برس تھی، دیگر شہداء میں سپاہی زاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے اور دشمن کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نوشم، بارکھان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے عظیم سپوتوں نے دہشت گردوں سے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے عہد وفا کی عظیم مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار دن رات وطن عزیز کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کا شہید جوانوں کو خراج عقیدت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بارکھان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے میجر توصیف احمد اور دیگر شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر توصیف احمد اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر توصیف احمد اور جوانوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ میجر توصیف احمد اور دیگر شہداء کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے، میجر توصیف احمد سمیت ہر شہید ہمارے سر کا تاج ہیں، شہداء نے قیمتی جانیں وطن پر نچھاور کیں اور شہادت کا بلند رتبہ پایا، تمام شہدا ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔