ڈی جی آئی ایس پی آر کی شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست
ڈی جی آئی ایس پی آر نے شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی سلامتی کے امور، بشمول انسداد دہشتگردی اور انفارمیشن وارفیئر پر تفصیلی گفتگو کی۔
خصوصی سیشن کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے سوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات دیے۔
خصوصی نشست کے بعد شرکاء نے کہا کہ سیشن میں کئی ابہام دور ہوئے اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا استعمال سے متعلق جامع آگاہی حاصل ہوئی۔ شرکاء نے کہا کہ معرکہ حق کی تاریخی فتح نے پاکستان کے وقار اور عالمی تشخص کو مزید مستحکم اور بلند کیا۔
شرکاء نے دفاع وطن کے لیے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو جعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور ہائبرڈ وارفیئر کے خطرات سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر یا معلومات کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی حقیقت اور مستند ذرائع سے تصدیق ناگزیر ہے۔
وائس چانسلر شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اقبال خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
اساتذہ اور طلبہ نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ مختلف شہروں، بالخصوص وزیرستان کے طلبہ نے خصوصی نشست کو مثبت اور مؤثر پیشرفت قرار دیتے ہوئے بھرپور انداز میں سراہا۔