پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ، فری لانسرز نے بھی نئے ریکارڈ قائم کر دیے
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت آئی ٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ آئی سی ٹی خدمات کی ترسیلات میں 19.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ مالی سال 2025/26 کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3.38 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال 2024/25 میں آئی ٹی برآمدات 2.8 ارب ڈالر تھیں۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق پاکستانی فری لانسرز کی برآمدات میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جو 567 ملین ڈالر سے بڑھ کر 856 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق فری لانسرز کی آئی ٹی برآمدات میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہوا، سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی والدہ کے لیے قومی اسمبلی میں دعائے مغفرت کی گئی۔
پی پی پی رکن عبدالقادر پٹیل نے نکتہ اعتراض گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صومالیہ میں 10 پاکستانی ابھی تک بحری قزاقوں کے قبضے میں ہیں لیکن حکومت پاکستان نے 10 پاکستانیوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، بحری قزاق حکومت پاکستان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیاکہ ہم صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے۔