پی سی بی کا پاک آسٹریلیا ون ڈے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان

شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی گئی ہیں جن کا آغاز 200 روپے سے ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے شائقینِ کرکٹ کا انتظار ختم ہونے کو ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین میچز پر مشتمل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری کر دیا۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے آن لائن اور فزیکل ٹکٹ 22 مئی سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ شائقین دوپہر ایک بجے کے بعد pcb.tcs.com.pk کے ذریعے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے جبکہ فزیکل ٹکٹ مختلف شہروں میں قائم ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

بورڈ کے مطابق شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی گئی ہیں جن کا آغاز 200 روپے سے ہوگا۔ اس کے علاوہ کارپوریٹ ہاسپیٹیلٹی پیکجز بھی دستیاب ہوں گے جن کی تفصیلات پی سی بی ہیڈ آفس سے حاصل کی جا سکیں گی۔

یہ سیریز آسٹریلیا کی 2022 کے بعد پاکستان میں پہلی دوطرفہ ون ڈے سیریز ہوگی جس کے باعث شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

Load Next Story