پنجاب میں بارش اور آندھی کے باعث گھر کی چھتیں، درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق

فیصل آباد، جھنگ، مظفر گڑھ اور لاہور میں مختلف حادثات کے دوران 24 افراد زخمی بھی ہوئے

لاہور:

پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے چھتیں، مکان و درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق ڈی جی خان میں 2 مختلف واقعات کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

فیصل آباد میں آندھی و بارش کے باعث دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے 7 مختلف حادثات کے باع ایک بچہ جاں بحق اور 9 زخمی ہوگیا۔ سلطان چوک میں دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 13 سالہ حیدر علی کے نام سے ہوئی۔

جھنگ میں بارش و آندھی کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

مظفر گڑھ میں آندھی و بارش کے باعث درخت، سولر پینل اور دیواریں گرنے کے 4 مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ ننکانہ صاحب میں آندھی و بارش کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق لاہور میں آندھی و بارش کے باعث درخت، شیڈ اور بل بورڈ گرنے کے 6 مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

لاری اڈا بادامی باغ کے قریب آندھی و بارش کے باعث درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ اعجاز کے نام سے ہوئی۔

آندھی و بارش کے باعث رنگ محل کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 21 سالہ بلال کے نام سے ہوئی۔ آندھی و بارش کے باعث بل بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، شہری ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسکیو ہیلپ لائن 1122 ڈائل کریں۔

Load Next Story