13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کے فراڈ میں ملوث خاتون اور 3غیرملکی شہری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں گولڈ باکس اور GLBX ایپ کے ذریعے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام اور بڑے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ این سی سی آئی اے نے تین غیر ملکیوں اور ایک خاتون ملزمہ کو عدالت میں پیش کر دیا۔
ڈیوٹی جج نائمہ عفت کی عدالت میں پیشی کے دوران عدالت نے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ بہت بڑا فراڈ کیس ہے جس میں اربوں میں فراڈ ہوا ہے، جبکہ ملزمان سے رقم اور ڈیوائسز کی برآمدگی درکار ہے۔
این سی سی آئی اے نے ملزمان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے 3 روزہ ریمانڈ منظور کیا اور ہدایت دی کہ ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
مقدمے کے مطابق 270 متاثرین سے 13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے گئے، جبکہ مدعی محمد ایاز خان سے 5 کروڑ 41 لاکھ روپے ہتھیائے گئے۔ تفتیش کے مطابق مبینہ فراڈ نیٹ ورک بلیو ایریا اسلام آباد سے چلایا جا رہا تھا۔
مقدمہ پیکا ایکٹ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔