شہرِ اقتدار میں خلع کی شرح میں ہوش ربا اضافہ، فیملی کورٹس میں کیسز کے انبار لگ گئے
شہرِ اقتدار میں خلع کی شرح میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ فیملی کورٹس میں کیسز کے انبار لگ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں سال اب تک 45 ہزار سے زائد خلع اور نان نفقہ کے کیسز دائر کیے جا چکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ہر ماہ 9 ہزار سے زائد نئے کیسز کا اندراج ہو رہا ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 300 سے زائد فیملی کیسز فائل کیے جا رہے ہیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق 2023 میں 85 ہزار، 2024 میں 91 ہزار جبکہ 2025 میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر 30 سے زائد کورٹ میرجز بھی ہو رہی ہیں۔ گزشتہ 4 سالوں میں 38 ایسے کیسز سامنے آئے جہاں شادی کے محض ایک سے تین ماہ بعد خلع لے لی گئی۔
ذرائع کے مطابق خلع اور نان نفقہ کے زیادہ تر کیسز پسند کی شادی کرنے والے فریقین کی جانب سے دائر کیے جا رہے ہیں۔