کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کی توسیع کا منصوبہ مکمل
کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کی توسیع کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا، این ایچ اے نے صوبائی حکومت کے تعاون سے پہاڑوں کو کاٹ کر شاہراہ کو نہ صرف کشادہ کیا بلکہ ڈھاڈر کے قریب سرنگ کو بھی وسیع کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وادی بولان سے گزرنے والے ہزاروں مسافروں کے لیے خوش خبری سامنے آئی ہے، کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کی توسیع کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، سنگلاخ پہاڑ، درہ بولان کی بل کھاتی سڑکیں، دشوار گزار راستے اور سفر کی صعوبتیں اب ماضی کا قصہ بنتی جا رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق این ایچ اے نے بولان پاس کے 20 کلومیٹر طویل دشوار گزار پہاڑی علاقے میں بھاری مشینری کی مدد سے سنگلاخ چٹانوں کو کاٹ کر شاہراہ کو کشادہ کیا جس سے سفر اب پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور آسان ہو گیا ہے، منصوبے کے تحت ڈھاڈر کے قریب واقع اہم سرنگ کو بھی کشادہ کیا گیا ہے۔
اس عمل سے بڑی گاڑیوں، مال بردار ٹرکوں اور مسافر کوچز کی آمدورفت میں نمایاں سہولت پیدا ہوئی ہے، ماضی میں اسی مقام پر گاڑیوں کے پھنسنے اور الٹنے کے واقعات معمول بن چکے تھے، مقامی شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے اس منصوبے کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے بلوچستان حکومت اوراین ایچ اے کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
درہ بولان کی بل کھاتی سڑکوں کو جدید شاہراہ میں بدلنے والا یہ منصوبہ بلوچستان میں سفری سہولیات، بین الصوبائی رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔