کراچی میں خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والا شاطر ملزم گرفتار، ویڈیو پیغام سامنے آگیا
شہر قائد کے علاقے عوامی کالونی کی پولیس نے گلی میں کھڑی خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کر کے فرار ہونے والے اوباش ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل ملزم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
تھانہ عوامی کالونی میں خاتون کے شوہر کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ اندراج کے چند گھنٹوں کے اندر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
شاطر ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے دوستوں کے کہنے پر داڑھی بھی منڈوا لی تھی۔
گرفتار ملزم نے کورنگی میں گھر کے باہر گلی میں کھڑی موبائل فون پر بات کرنے والی خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کی تھی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ ماہ 15 اپریل کو پیش آیا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد زمان ٹاؤن پولیس نے ازخود کارروائی شروع کر دی اور متاثرہ خاتوں کے شوہر کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد پولیس نے سفاک درندے کی تلاش شروع کر دی اور اس دوران عوامی کالونی پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر خاتون سے سرعام غیر اخلاقی حرکت میں ملوث ملزم محمد دانش ولد محمد ناصر کو گرفتار کر کے اس کا ویڈیو بیان بھی حاصل کرلیا۔
ویڈیو میں غیر اخلاقی حرکت کرنے والے اوباش ملزم دانش کا کہنا تھا کہ وہ کورنگی 6 نمبر کا رہائشی اور گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، گلی سے موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا اس دوران خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کی جس کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دوستوں کے سمجھانے پر وہ حجام کی دکان پر لے گئے اور میری دڑاھی کٹوائی۔ پولیس کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر ملزم نے اپنے دوستوں کے نام مبشیر اور مانی بتائے۔
اوباش ملزم دانش نے اپنی حرکت پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ اس طرح کی حرکت نہیں کرے گا جبکہ اُس نے یہ بھی کہا کہ ہم بھی ماں، بہن والے ہیں تاہم اُس وقت شیطان نے بہکا دیا تھا اور کچھ سمجھ نہیں آیا۔
ملزم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کئے پر شرمندہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں، پولیس کا کہنا ہے کہ شاطر ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنی داڑھی منڈوا کر حلیہ تو تبدیل کرلیا تاہم پولیس نے ملزم کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے قانون کی گرفت میں لے لیا۔
عوامی کالونی پولیس نے گرفتار ملزم دانش کو مزید تفتیش کے لیے زمان ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان اور معاشرتی اقدار کے خلاف کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی ۔