دبئی میں خطرناک ڈرائیونگ؛ ایشیائی شخص پر لاکھوں روپے جرمانہ؛ ویڈیو وائرل
دبئی پولیس نے شاہراہ پر تیزرفتاری اور کرتب دیکھانے پر ایشیائی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا
دبئی پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور سڑک پر خطرناک کرتب دکھانے والے ایک ایشیائی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم گاڑی کو تیز رفتاری میں لہراتے ہوئے مختلف لینز میں چلا رہا تھا۔
جس کے دوران گاڑی نے کئی خطرناک کٹ مارے اور دوسری گاڑیوں کو غلط سمت سے اوورٹیکنگ کر رہا تھا جس سے دیگر شہریوں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔
علاوہ ازیں ڈرائیور نے اس لین پر بھی گاڑی چلائی جو صرف ایمبولینس کے لیے استعمال ہوسکتی تھی اور ہائی ویز قوانین کے تحت یہ ایک انتہائی سنگین جرم ہے۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ اس قسم کی حرکات انتہائی سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں شمار ہوتی ہیں کیونکہ ہائی ویز پر معمولی غلطی بھی بڑے حادثے، گاڑی کے الٹنے یا جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
#News | Dubai Police apprehends Driver for Reckless and Dangerous Driving
Details:https://t.co/LPmtMqOJ1F#RoadSafety pic.twitter.com/gHYzrUaiwYانہوں نے واضح کیا کہ سڑک کا شولڈر صرف ہنگامی گاڑیوں، ایمبولینس اور سول ڈیفنس کے لیے مخصوص ہوتا ہے، اس لیے وہاں سے اوورٹیکنگ کرنا قانوناً جرم ہے۔ ان کے مطابق ایسی حرکتیں اچانک اور مہلک حادثات کا باعث بن سکتی ہیں۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ایشیائی نژاد ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی اور مقامی قانون نمبر 30 برائے 2023 کے تحت گاڑی واپس لینے کے لیے 50 ہزار درہم جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
دبئی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کریں اور کسی بھی خطرناک ڈرائیور کی اطلاع “Police Eye” سروس یا 901 ہیلپ لائن کے ذریعے دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔