’غیرشرعی جنسی عمل پر تنازع‘، 14 سالہ لڑکا قتل، دوست ہی قاتل نکلا
مانگا منڈی میں 14 سالہ لڑکے کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، مقتول کا دوست ہی قاتل نکلا جب کہ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ملزم کے مطابق دونوں کے درمیان(جنسی عمل) غیر شرعی عمل پر تنازعہ ہوا تھا۔
تھانہ مانگا منڈی کے علاقے سے ملنے والی گلا کٹی لاش کی شناخت 14 سالہ ثاقب علی کے نام سے ہوئی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے چند گھنٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے دوست کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزم کے مطابق دونوں کے درمیان غیر شرعی جنسی عمل پر تنازعہ ہوا تھا۔
بیان کے مطابق ملزم نے پہلے بلیڈ کے وار کیے، پھر نالے کی مدد سے گلا دبا کر مقتول کو قتل کیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو مقتول کے ساتھ جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے شواہد کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ مقدمہ نمبر 936/26 مقتول کے والد عارف کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔