عراق کے نئے وزیر اعظم نے باقاعدہ دفتری امور سنبھال لیے
عراق کے نئے وزیر اعظم علی الزیدی نے آج بروز ہفتہ باضابطہ طور پر دفتری امور سنبھال لیے ہیں۔
عراقی خبر رساں ایجنسی آئی این اے کے مطابق، دارالحکومت بغداد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں نئے وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔
14 مئی کو عراقی پارلیمنٹ نے الزیدی اور ان کی کابینہ کے 14 وزرا پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ نو دیگر وزارتی عہدوں پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔
27 اپریل کو بڑے پارلیمانی بلاک، کوآرڈینیشن فریم ورک الائنس نے علی الزیدی کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کرنے پر اتفاق کیا جس کے بعد عراقی صدر نزار عامی نے انہیں حکومت سازی کی ذمہ داری سونپی۔
واضح رہے کہ عراق کے سیاسی کوٹہ سسٹم کے تحت صدارت کرد نمائندے کے پاس ہے جبکہ وزارت عظمیٰ شیعہ نمائندے کے پاس ہے اور پارلیمانی اسپیکر شپ سنی نمائندے کے پاس ہے۔