پاکستان میں عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا
ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس 17مئی کو کراچی میں ہوگا، زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوگا۔
وزارت مذہبی امور نے ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 ذوالقعدہ، 17 مئی کو محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔
زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
17 مئی بروز اتوار ذوالحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہوگی، جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید جمعرات 28 مئی کو ہوگی۔
یاد رہے کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔
سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو۔
سپارکو کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔
سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔