انمول عرف پنکی کی لاہور سے گرفتاری، پڑوسیوں نے سرگرمیوں کی تفصیل بتا دی
فوٹو: فائل
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کی لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں واقع گھر سے گرفتاری کے معاملے پر محلے داروں نے ان کی رہائش کی تصدیق کردی۔
ایکسپریس نیوز کو لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں انمول عرف پنکی کے محلے داروں نے بتایا کہ وہ 8 سے 10 ماہ سے یہاں پر رہائش پذیر تھیں اور یہاں پر بڑی گاڑیوں میں لوگ آتے جاتے تھے، جن میں لڑکیاں اور لڑکے بھی ہوتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ دو سے تین بڑی بڑی گاڑیاں بھی گھر کے باہر کھڑی رہتی تھیں اور تین سے چار افراد گھر کے باہر بیٹھے رہتے تھے۔
محلہ داروں نے بتایا کہ رائیونڈ روڑ پر معروف یونیورسٹیاں اور متعدد گرلز ہاسٹل ہیں، اکثر یہاں پر اسٹوڈنٹس لڑکیوں کا آنا جانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنکی یہاں پر کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھیں اور 45 ہزار روپے ماہانہ کرایہ ادا کرتی تھی اور رمضان میں غریبوں میں راشن بھی تقسیم کیا کرتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنکی کے پاس ویگو ڈالا ہے اور انہوں نے محلے میں نیک خاتون کا روپ دھارا ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پنکی نواب ٹاؤن میں واقع اس گھر میں بیٹھ کر لاہور اور دیگر صوبوں میں منشیات کا نیٹ ورک چلاتی رہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او کو ٹاسک سونپ دیا ہے اور مقدمات سمیت دیگر معاملات کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی اور رپورٹ اعلی حکام کو بھی بھجوائی جائے گی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ذمہ داران کا بھی تعین کیا جائے گا اور محکمانہ کارروائی کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔