خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع، اراکین کی تعداد آئینی حد سے تجاوز کرگئی
فوٹو انٹرنیٹ
خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کردی گئی، چھ نئے وزرا، 4 نئے مشیروں اور 8 نئے معاون خصوصی کو شامل کیا گیا ہے جس کے بعد کابینہ کا حجم 14 سے بڑھ کر 31 ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں ہونے والی توسیع کے بعد وزرا کی تعدا آئین میں دیے گئے حجم سے زیادہ ہوگئی، آئین میں وزراء کی حد 15 اور مشیروں کی تعداد 5 مقرر کی گئی ہے۔
کابینہ میں توسیع سے بشمول وزیر اعلی وزراء کی تعداد 17 اور مشیروں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، گزشتہ سال اکتوبر میں سابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے کے بعد سہیل افریدی کو صوبے کا نیا وزیراعلی منتخب کیا گیا۔
سہیل آفریدی نے کابینہ کی تشکیل کے لیے بانی چیئرمین سے مشاورت کی کوشش کی لیکن ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے 14 رکنی مختصر کابینہ تشکیل دی، باقی کابینہ بانی چیئرمین سے مشاورت کے بعد تشکیل دینے فیصلہ کیاتھا۔
اس دوران بھی وزیراعلی سہیل افریدی کی ملاقات نہ ہوسکی پارٹی قیادت اور ارکان اسمبلی کے دباو کے باعث وزیراعلی کو کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرنا پڑا، گزشتہ روز وزیر اعلی کی منظوری کے بعد کابینہ میں توسیع کی سمری گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائی گئی جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخط کے بعد سمری واپس حکومت کو بھجوا دی۔
نئے وزرا آج گورنر ہاؤس میں حلف اٹھائیں گے، کابینہ کے نئے ارکان میں چھ وزرا، 4 نئے مشیر اور 8 معاون خصوصی شامل ہیں توسیع سے کابینہ کا حجم 31 ہوگیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 130 سب سکیشن چھ کے تحت وزراء کی تعداد 15 اور مشیروں کی تعداد 5 مقرر کی گئی ہیں۔
کابینہ میں توسیع سے آئینی قدغن کے باعث ایک وزیر ایک مشیر کو کم کرنا ہوگا۔
کابینہ کے پہلے سے موجود ارکان میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، مینا خان ، ارشد ایوب، فضل شکور، ڈاکٹر امجد علی ، آفتاب عالم ، سید فخر جہان ، ریاض خان ، خلیق الرحمٰن،عاقب اللہ خان ، فیصل ترکئی شامل ہیں مشیروں میں تاج محمد ترند، مزمل اسلم ایک معاون خصوصی شفیع جان شامل تھے جنہیں صوبائی وزیر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
6 نئے وزرا میں نذیر احمد عباسی، شکیل احمد، محمد عدنان قادری، محمد عارف احمدزئی، طارق محمود آریانی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 4 نئے مشیروں میں پیر مصور خان، لیاقت علی خان، ہمایوں خان اور میاں محمد عمر شامل ہیں جبکہ 8 نئے معاونین خصوصی میں طارق سعید، محمد عثمان، طفیل انجم، افتخار اللہ جان، سمیع اللہ خان، ملک عدیل اقبال، محمد خورشید اور محمد اسرار شامل ہیں۔