ناسا کی خلائی مشنز کیلئے طاقتور چپ کی تیاری

یہ چِپ مستقبل میں خلا کی گہرائیوں میں بھیجے جانے والے خلائی جہازوں کے آپریشنز کو یکسر بدل سکتی ہے

(تصویر: ناسا)

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارہ ناسا ایک نئی اور انتہائی طاقتور کمپیوٹر چِپ تیار کر رہا ہے جو مستقبل میں خلا کی گہرائیوں میں بھیجے جانے والے خلائی جہازوں کے آپریشنز کو یکسر بدل سکتی ہے۔

ایک کمرشل پارٹنر شپ کے تحت تیار کیا جانے والا یہ جدید پروسیسر خلائی جہازوں کو اس قابل بنائے گا کہ وہ حاصل ہونے والی معلومات پر زیادہ تیزی سے کام کر سکیں اور زمین سے دور مشنز کے دوران کچھ فیصلے خود مختارانہ طور پر (خود سے) کر سکیں۔

امریکی خلائی ادارے کا 'ہائی پرفارمنس اسپیس فلائٹ کمپیوٹنگ پروجیکٹ بنیادی طور پر تحقیقی مشنز میں استعمال ہونے والے خلائی جہازوں کی کمپیوٹنگ کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔

موجودہ خلائی جہاز پرانے پروسیسرز پر انحصار کرتے ہیں کیونکہ وہ خلا کے سخت اور کٹھن حالات میں بقا کے لیے زیادہ قابلِ بھروسہ اور پائیدار ہوتے ہیں۔

تاہم، ان پرانی چپس میں وہ کارکردگی نہیں ہے جو اگلی جنریشن کے خلائی مشنز کے لیے درکار ہے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ خود مختار خلائی جہاز تیار کرنے، جہاز کے اندر ہی ڈیٹا کے تیز رفتار تجزیے کے ذریعے سائنسی دریافتوں کو تیز کرنے اور چاند اور مریخ پر بھیجے جانے والے مستقبل کے مشنز میں خلانوردو کی مدد کے لیے ایسے جدید پروسیسرز کا ہونا انتہائی ناگزیر ہے۔

Load Next Story