تھائی لینڈ میں ٹرین اور بس تصادم کی خوفناک ویڈیو سامنے آگئی

پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں

بنکاک میں ایک خوفناک ٹرین اور بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 32 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز ایک ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب ایک مال بردار ٹرین نے مسافر بس کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ قریب موجود کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی حادثے کی زد میں آ گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز اور امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔

تھائی لینڈ کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بس ریلوے ٹریک پر سرخ سگنل کے باعث رکی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے کراسنگ بیریئر مکمل طور پر بند نہیں ہو سکے۔ اسی دوران کنٹینرز لے جانے والی تیز رفتار مال بردار ٹرین بروقت نہ رک سکی اور بس سے جا ٹکرائی۔

حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد بس میں سوار تھے، جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ریلوے کراسنگ پر حفاظتی انتظامات میں کہاں غفلت برتی گئی۔

Load Next Story