امریکا و اسرائیل نے اہم توانائی گزرگاہوں میں عدم استحکام پیدا کیا اور الزام ایران پر ہی لگادیا، ایران
فوٹو: ایرانی میڈیا
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے اہم توانائی گزرگاہوں میں جان بوجھ کر عدم استحکام پیدا کیا اور اس کا الزام ایران پر ہی لگادیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے عالمی توانائی منڈیوں میں امن و استحکام کے تحفظ کا دعویٰ، درحقیقت ایک بڑا جھوٹ ہے جسے ایران کے خلاف غیر قانونی جنگ کے جواز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جنگجویانہ پالیسیوں نے سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا، ایران کے خلاف بلاجواز فوجی کارروائی کے ذریعے اہم توانائی گزرگاہوں میں جان بوجھ کر عدم استحکام پیدا کیا، اس کے بعد ایران پر ہی عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا جس طرح نازی جرمن وزیرِ جوزف گوبلس کہتے تھے جو کام خود کرو اس کا الزام دوسروں پر لگاؤ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور اسرائیلی روایتی حکمت عملی کے تحت پہلے بحران پھر جنگی صورتحال پیدا کرتے ہیں، پھر امن کی بحالی اور استحکام کے نام پر مزید کارروائیوں کو جواز دیا جاتا ہے، جیسے رومی سیاست دان ٹیسی ٹس کہتے تھے وہ تباہی پیدا کرتے ہیں اور اسے امن کا نام دیتے ہیں۔