حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، بینک منیجر گرفتار

گرفتاری خفیہ اطلاعات، تکنیکی تجزیے، مالیاتی چھان بین اور پہلے سے گرفتار ملزمان کے انکشافات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی، ترجمان

کراچی:

ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کے دوران بینک  منیجر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل  کراچی نے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک بینک منیجر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد ثاقب نجی مائیکرو فنانس بینک کی برانچ میں بطور منیجر تعینات تھا،جسے بدر کمرشل ایریا ڈی ایچ اے کراچی سے گرفتار کیا گیا۔

گرفتاری خفیہ اطلاعات، تکنیکی تجزیے، مالیاتی چھان بین اور پہلے سے گرفتار ملزمان کے انکشافات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل اور دستاویزی شواہد برآمد ہوئے جن سے ہنڈی حوالہ سے متعلق غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز میں سہولت کاری کرتا رہا ۔ ملزم ہر ایک کروڑ روپے کی رقم جمع کرانے پر کمیشن وصول کرتا تھا۔ برآمد شدہ شواہد میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، لین دین کا ریکارڈ، ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور دیگر اہم مواد شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق مزید تحقیقات، ڈیجیٹل و فرانزک تجزیہ اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ایف آئی اے معیشت دشمن عناصر، غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس اور ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔

Load Next Story