’’اکیلے رہنا انتخاب ہے، تنہا رہنا نہیں‘‘، سلمان خان کے پیغام نے مداحوں کو الجھا دیا
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر اپنی ایک مبہم مگر جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جس نے مداحوں میں تشویش اور تجسس دونوں کو جنم دیا ہے۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی فٹنس کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے تنہائی کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ انسان کے ساتھ رہنے کی دو حالتیں ہوتی ہیں: ایک اکیلے رہنا اور دوسری تنہا رہنا۔ ان کے مطابق اکیلے رہنا ایک ذاتی انتخاب ہوتا ہے، جبکہ تنہائی وہ کیفیت ہے جب کوئی آپ کے ساتھ رہنا ہی نہ چاہے۔
اداکار نے اپنی پوسٹ کے آخر میں مزید لکھا کہ اب اس کے بعد لوگوں کو خود ہی سمجھ جانا چاہیے کہ انہیں کیا کرنا ہے، جسے مداحوں نے مختلف انداز میں لیا اور اس پر بحث شروع ہو گئی۔
By I me myself, 2 ways to be by yr self, Alone and Lonely, Alone is by choice n lonely when nobody wants to be with u….. Ab iske aage you Figure out what you need to do pic.twitter.com/mRlUKD7gjw
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) May 17, 2026
پوسٹ کے بعد کمنٹ سیکشن میں مداحوں کی جانب سے محبت اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ کئی صارفین نے 60 سال کی عمر میں بھی سلمان خان کی فٹنس اور شخصیت کو سراہتے ہوئے انہیں متاثرکن قرار دیا، جبکہ بعض نے ان کے الفاظ کو جذباتی تنہائی یا ماضی کے ذاتی تجربات سے جوڑ دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ سلمان خان حقیقی زندگی کے فائٹر ہیں جو ہمیشہ لوگوں کو حوصلہ دیتے ہیں، جبکہ ایک اور مداح نے کہا کہ ان کا انداز برسوں بعد بھی وہی ہے اور ان کی شخصیت میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک بڑی تعداد نے ان کی جسمانی فٹنس اور ڈسپلن کی تعریف کی، تاہم کچھ صارفین نے ان کے پیغام کو ایک جذباتی اور ذاتی کیفیت کا اظہار بھی قرار دیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان ان دنوں اپنی نئی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو اطلاعات کے مطابق عید 2027 کے موقع پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔