چین میں تباہ کن زلزلہ، کئی عمارتیں گرگئیں، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے
چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں 5.2 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز گوانگشی کے شہر لیوژو کے لیونان ضلع میں تھا، جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے اچانک محسوس ہونے پر شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 13 عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ متعدد مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق اب تک 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک شخص کے لاپتا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کی تلاش جاری ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق علاقے میں آفٹر شاکس کا خطرہ بھی موجود ہے۔