اسلام آباد ہائیکورٹ؛ منشیات کیس کی سماعت کے دوران انمول عرف پنکی کا بھی تذکرہ

میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ منشیات رائیڈر اور ڈیلیوری بوائے کے ذریعے منتقل ہوتی ہے، جسٹس راجہ انعام امین کے ریمارکس

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ہائیکورٹ میں منشیات کیس میں گرفتار انمول پنکی کیس کا بھی تذکرہ ہوا۔

عدالت نے ایچ ای سی سے یونیورسٹیوں میں منشیات کے خلاف اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے وزارت تعلیم کو منشیات کے خاتمے سے متعلق رولز وفاقی حکومت سے منظور کروانے اور ایچ ای سی کو مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی میں اے این ایف اور پولیس کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

وکیل درخواست گزار کاشف ملک نے انمول پنکی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک کیس چل رہا ہے، اس میں بھی رائیڈر اور ڈیلیوری بوائز کے ملوث ہونے کا کہا گیا ہے۔

جسٹس راجہ انعام امین نے ریمارکس دیے کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ منشیات رائیڈر اور ڈیلیوری بوائے کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔

حکام ایچ ای سی کے مطابق ہم نے تعلیمی اداروں میں ڈیلیوری بوائے اور رائیڈر ہی ایک جگہ مختص کروا دی ہے، جو بھی رائیڈر یا ڈیلیوری بوائے آتا ہے پہلے اسکی چیکنگ کی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ تعلیمی اداروں میں باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور رپورٹ پیش کی جائے، ضلعی انتظامیہ بھی منشیات کے خلاف اقدامات اٹھائے اور مانیٹرنگ کرے۔

وکیل کاشف ملک نے دلائل دیے کہ یونیورسٹی اور کالج کے بعد اب اسکولوں میں بھی منشیات عام ہے، اب تو ساتویں اور آٹھویں جماعت کے بچے بھی منشیات استعمال کرتے ہیں۔ وکیل رافع ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام آباد میں تو چھوٹے چھوٹے کریانہ اسٹور پر بھی منشیات عام ہے۔

عدالت نے اسلام آباد پولیس کو بھی منشیات کے خلاف اقدامات اٹھانے اور مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی۔

دوران سماعت جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کا تذکرہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کہاں ہیں، وہ اس کیس میں اچھا کام کر رہے تھے۔

نئے تعینات انسپکٹر لیگل نے جواب دیا کہ ساجد چیمہ اب ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ہیں۔  جسٹس راجہ انعام امین نے ریمارکس دیے کہ جو افسر اچھا کام کر رہا ہو اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

عدالت کنے میڈیا کو بھی منشیات کے خلاف آگاہی مہم پرائم ٹائم میں چلانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے میڈیا پر منشیات کے خلاف آگاہی مہم سے متعلق پیمرا سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے سے متعلق ایچ ای سی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مانیٹرنگ رپورٹ طلب کرلی۔

ایچ ای سی، وزارت داخلہ حکام، ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل عرفان، اے این ایف کے پراسیکیوٹر رانا ذوالفقار اور پیمرا کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔

Load Next Story